038۔ محبت خواب سفر از رخسانہ نگار عدن

محبت خواب سفر از رخسانہ نگار عدن

مصنفہ: رخسانہ نگار عدن
صفحات: 768

رخسانہ نگار عدن کا نام ڈائجسٹ پڑھنے والے قارئین کے لئے یقیناً نیا نہیں۔ آپ پاپولر فکشن لکھنے والی مصنفہ ہیں۔ کئی ناول اور افسانے آپ کے قلم سے نکل چکے ہیں اور  قارئین میں کافی پسند کئے گئے ہیں۔ آپ کی تحریروں میں محبت خواب سفر کے علاوہ پہلی سی محبت، میرے چارہ گر، پارس اور دیگر کئی ناول شامل ہیں۔ محبت خواب سفر، کتابی شکل میں شائع ہونے سے پہلے خواتین ڈائجٹس میں قسط وار شائع ہوتا رہا ہے۔ یہ ایک ضخیم اور طویل ناول ہے جس نے قسط وار مکمل ہونے میں پانچ سال کا عرصہ لیا۔ مصنفہ کے بقول یہ ناول خواتین ڈائجسٹ میں شائع ہونے والا اب تک کا طویل ترین ناول ہے جسے قارئین میں مقبولیت بھی حاصل ہوئی۔


محبت خواب سفر کا مرکزی کردار میڈم یاقوت ہیں۔ ناول کی تمام کہانی ان ہی کے گرد گھومتی ہے۔ تمام کردار اور واقعات ان سے کسی نہ کسی طرح منسلک ہیں تاہم یہ بات ناول کے آغاز میں معلوم نہیں ہوتی۔ کہانی کا آغاز میڈم یاقوت کی ادھیڑ عمر سے شروع ہوتا ہے جب وہ ایک مکمل طور پر کامیاب بزنس وومین بن چکی ہیں اور فیشن کی دنیا میں ایک جانا پہچانا اور معتبر نام ہیں۔ تاہم ان کی اور ان سے وابستہ لوگوں کی زندگی ایک الجھاؤ کا شکار ہے۔ وہ نارمل ہوتے ہوئے بھی ایک ایب نارمل زندگی گزار رہے ہیں۔ میڈم یاقوت کا رویہ ایک مسٹری لئے ہوئے ہے جو ان کی بیٹی پہ بھی نہیں کھلا ہوا۔ کہانی میں سسپنس کا عنصر برقرار رکھا گیا ہے اور کہانی پیاز کے چھلکوں کی طرح پرت در پرت کھلتی ہے جس کی وجہ سے قاری مختلف کرداروں اور واقعات کے درمیان اندازہ لگاتا رہتا ہے کہ کسی کردار کے خاص روئے کے پیچھے کیا وجہ ہو سکتی ہے۔

میڈم یاقوت گرچہ کہانی کا مرکزی کردار ہیں تاہم یہ کردار منفی نوعیت کا ہے۔ انہیں زندگی میں جن نشیب و فراز سے گزرنا پڑا انہوں نے ان کے اندر کے اچھے انسان کو سلا کے ایک برے انسان کو جنم دیا۔ اپنی زندگی میں ماں باپ سے لے کے ہر رشتے حتیٰ کہ شوہر تک کے رشتے سے انہیں مایوسی، اور ٹھوکریں ملیں۔ کسی نے انہیں سہارا اور امان دینے کی کوشش نہیں کی۔ ایسی بےامان لڑکیوں کے ساتھ معاشرہ جیسا سلوک کرتا ہے وہی سب میڈم یاقوت کے ساتھ ہوا جس کے نتیجے میں انہوں نے ہر اس شخص سے بدلہ لینے کی ٹھان لی جس نے انہیں تکلیف پہنچائی۔ میڈم یاقوت بدلہ لینے میں کامیاب ہوئیں یا نہیں، یہ جاننے کے لئے تو ناول ہی پڑھنا پڑے گا۔

ناول گرچہ بہت تفصیلی ہے لیکن بہت گنجلک انداز میں لکھا گیا ہے۔ کہانی کا سسپنس برقرار رکھنے کی مصنفہ کی کوشش کہیں کہیں قاری کو بور کرتی ہے اور کہیں الجھا دیتی ہے اور وہ کہانی میں دلچسپی محسوس کرنے کی بجائے اکتاہٹ کا شکار ہو جاتا ہے۔ میڈم یاقوت کے ماضی سے تعلق رکھنے والے زیادہ تر کردار عجیب اور تخیلاتی معلوم ہوتے ہیں۔ ان کے والدین، محبوب، شوہر سمیت  تمام لوگوں کا رویہ غیر فطری اور زبردستی کا معلوم ہوتا ہے جیسے میڈم یاقوت کی موجودہ حالت کو جسٹی فائی کرنے کے لئے انہیں ہر طرح کی سمجھ بوجھ سے عاری قرار دے دیا جائے۔

خواتین مصنفات میں سے اکثر نے ایسے موضوعات پہ قلم اٹھایا ہے جن کے ذریعے سے ان عوامل پہ روشنی پڑتی ہے جن کی وجہ سے کوئی لڑکی کسی غلط راستے پہ چلتی ہوئی اپنی راہ کھوٹی کر لیتی ہے۔ کتابستان میں ہم پہلے بھی ایک ایسی کہانی کا ذکر کر چکے ہیں جو عنیزہ سید کے قلم سے “شب گزیدہ” کے عنوان کے تحت نکلی تھی۔ محبت خواب سفر میں بھی ایسی لڑکیوں کی کہانی ہے۔ پہلے میڈم یاقوت جو حالات کا شکار ہو کے غلط لوگوں کے ہاتھ لگ گئیں۔ اور بعد میں ان کی اپنی داستان کہ کس طرح انہوں نے شرفاء کی بیٹیوں کو جال میں پھنسانے کی چالیں چلیں۔ ایسے ناول ان بہنوں کی آنکھیں کھولنے کے لئے بہت مددگار ہیں جو روشنیوں کی چکاچوند سے بہت جلدی متاثر ہو جاتی ہیں اور ہر چمکتی چیز کو سونا سمجھ لیتی ہیں۔

کیا آپ اس تبصرے سے متفق ہیں۔اس کتاب کے بارے میں تبصرہ کریں ۔

اگر آپ نے یہ کتاب پڑھی ہے تو اسے 1 سے 5 ستاروں کے درمیان ریٹ کریں۔

تشریف آوری کے لئے مشکور ہوں۔

اگلے ہفتے G.M.Lewis کی کتاب “The monk ” کا تعارف و تبصرہ ملاحظہ کیجئے۔ان شاء اللہ۔

Advertisements

One thought on “038۔ محبت خواب سفر از رخسانہ نگار عدن”

Leave a Reply

Fill in your details below or click an icon to log in:

WordPress.com Logo

You are commenting using your WordPress.com account. Log Out / Change )

Twitter picture

You are commenting using your Twitter account. Log Out / Change )

Facebook photo

You are commenting using your Facebook account. Log Out / Change )

Google+ photo

You are commenting using your Google+ account. Log Out / Change )

Connecting to %s